اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ جھوٹ بولتے ہیں اور اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں جو خیبرپختونخوا میں آپ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتی ہے، آپ اس چیز سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ میں آپ نے جعلی دستاویز جمع کرائیں اور اس کے جعلی ہونے کا اعتراف بھی کیا‘بلوچستان میں پہلے حکومت ختم کی جاتی ہے اور پھر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دائیں زرداری صاحب اور بائیں عمران صاحب ہاتھ ملانے سے نظر ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام آپ پرکڑی نظر رکھے ہوئے ہیں‘ آپ جھوٹ بولتے ہیں، دوسروں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، جو لوگ کام کرتے ہیں ان پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں اور امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرتے ہیں ‘عمران صاحب ایک مرتبہ پھر وہ کاغذات ٹویٹ کر رہے ہیں جن پر دو سال نہ صرف انویسٹی گیشن ہوئی، سپریم کورٹ میں کیس چلا اور جے آئی ٹی بنی، آپ دستاویز اس وقت ٹویٹ کرتے ہیں جب آپ کو پتہ ہوکہ آپ خود چور ہیں‘عمران خان کو مریم نواز کا خوف ہے، سوشل میڈیا کنونشن ہو یا مریم نواز کا اردو میں ٹوئیٹ اسے فالو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ خالی کرسیوں کا کنونشن عمران صاحب چاہے سوشل میڈیا کا ہو یا جلسے ہوں وہ کامیاب نہیں ہوتے، آپ کا آج کا ٹوئیٹ خوف کو ظاہر کرتا ہے، پرانے دستاویزات ٹوئیٹ کرنے سے پہلےکم از کم تاریخ تو پڑھ لیتے، لوگوںکو بے وقوف بنانے سے پہلے سوچ لیں کہ پاکستان کی عوام حقیقت جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنونشن سنٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ایک مرتبہ پھر وہ کاغذات ٹویٹ کر رہے ہیں جن پر دو سال نہ صرف انویسٹی گیشن ہوئی بلکہ سپریم کورٹ میں کیس چلا اور اس کے بعد جے آئی ٹی بنی، آپ دستاویز اس وقت ٹویٹ کرتے ہیں جب آپ کو پتہ ہوتا ہے کہ آپ خود چور ہیں۔