اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معذور افراد کے لیے ادارہ جاتی نطام پر یقین رکھتی ہے‘ ہمیں اداروں میں معذور افراد کے ساتھ روا امتیازی رویے کو بدلنا ہوگا اور نجی و سرکاری عمارات میں معذور افراد کے لیے ریمپس تعمیر ہونے چاہئیں، پارلیمنٹیرینز معذور افراد کے حقوق کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں لیکن ہمیں معاشرے کے رویے میں بھی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔پیر کو یہاں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر آسٹریلوی ہائی کمیشن اور معذور خواتین کے قومی فورم کے زیر اہتمام خصوصی افراد سے متعلق ایک تصویری نمائش کے انعقاد کے موقع پر بطور مہمان خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں معذور افراد کے لیے زیادہ حساس ہو کر چلنا ہو گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت نصاب میں کچھ باب اور اسباق ایسے بھی شامل ہونے چاہئیں جن سے نوجوانوں کو معذور افراد سے بہتر رویہ رکھنے کے بارے میں بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں میں معذور افراد کے ساتھ روا امتیازی رویے کو بدلنا ہوگا اور نجی و سرکاری عمارات میں معذور افراد کے لیے ریمپس تعمیر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر سنجیدگی سے کام کر رہا ہے جس میں معذور افراد کے مقاصد کے حصول سے متعلق اہداف بھی شامل ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سب سے پہلے پاکستانی پارلیمنٹ ہاﺅس میں پائیدار ترقی کے اہداف کا سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے اور اب دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے اوراقوام متحدہ میں بھی پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32202