اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے حوالے سے قانون و ضوابط سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراءہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں، تحریک انصاف کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے ، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی جا کے کچھ بھی کر سکتے ہیں ، اونچی آواز میں کسی ادارے کو گالی دیکر اسے دباﺅ میں نہیں لایا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پی آئی ڈی میں پہلے بھی پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں خط کے ذریعے لکھ کر یہ بتا بھی دیا گیا تھا کہ کون یہاں پریس کانفرنس کر سکتا ہے اور پی آئی ڈی کے قانون و ضوابط کیا ہیں۔ پی ٹی آئی نے آج ہر جگہ یہ اعلان کیا کہ ہم پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے آ رہے ہیں اور تحریک انصاف کی طرف سے صرف 15منٹ پہلے کسی کے ہاتھ خط آیا اور پھر نعیم الحق صاحب پی آئی ڈی پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قوانین ہوتے ہیں انہیں ماننا لوگوں کا فرض ہے۔ پی ٹی آئی والے پہلے بھی پی آئی ڈی آئے اور پریس کانفرنس کی کوشش کی لیکن یہ بات میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں کیونکہ وہ ایک سیاسی جماعت کے کارکن ہیں اس لیے ان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملکی قوانین و ضوابط کی پاسداری کریں جو ان کا فرض بھی ہے لیکن جس سیاسی جماعت کے یہ لوگ کارکن ہیں ان کے قائد عمران خان صاحب شاید یہ سمجھتے ہیں اور اپنے لوگوں کو یہ سکھاتے ہیں کہ اس طرح اونچی آواز میں بولنے سے اور قوانین کی خلاف ورزی سے ان کی بات سچ ہو جائے گی لیکن ایسا ہرگز نہیں۔