اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل جمہوریت کا تسلسل ہے ، اس مقصد کیلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے کسی بھی جماعت کو دئیے گئے مینڈیٹ کو چوری نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی حالیہ تبدیلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا لودھران کا این اے 154 کا ضمنی انتخاب بھاری اکثریت سے جیتنا دراصل جمہوریت کی کامیابی ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہمیشہ آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور عدلیہ سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے پیش تک نہیں ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہ صرف خود کو بلکہ اپنے خاندان کو بھی عدلیہ کے سامنے پیش کیا اور سرخرو ہوئے۔