اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے یونیسکو کے چیف فؤاد پاشایف سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں تعلیم اور ثقافتی ورثے کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سب کے لیے معیاری، مساوی اور جامع تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کے تعلیمی اہداف اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی مقاصد (ایس ڈی جیز) سے ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔
وجیہہ قمر نے حکومت کی جانب سے تعلیم تک رسائی بڑھانے، سکول سے باہر بچوں کی تعداد کم کرنے اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔بات چیت کے دوران پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور نوجوان نسل میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر مملکت نے یونیسکو کے ساتھ دیرینہ تعاون کو سراہا اور تکنیکی معاونت، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فؤاد پاشایف نے پاکستان کی تعلیمی اصلاحات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے خاص طور پر اساتذہ کی تربیت، صلاحیتوں میں اضافے اور ورثے کے تحفظ سے متعلق منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔آخر میں وزیر مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان یونیسکو کے ساتھ مل کر تعلیم اور ثقافتی ورثے کو امن، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کا ذریعہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔