وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے جرمن وزیر مملکت ڈاکٹر ٹوبیاس لنڈر ​​کی ملاقات

250
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے جرمن وزیر مملکت ڈاکٹر ٹوبیاس لنڈر ​​کی ملاقات

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے جرمن وزیر مملکت ڈاکٹر ٹوبیاس لنڈر ​​نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے پاکستان کی جانب سے جرمنی کے ساتھ دوستی اور تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات کو اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، مائیگریشن اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے حال ہی میں لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کرنے کے اقدام کو سراہا۔

پاکستان کی سیلاب سے بچاؤ کی کوششوں میں خاطر خواہ تعاون پر جرمنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی نے موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں وزراء نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں افغانستان کی صورتحال، یوکرین تنازعہ، جموں و کشمیر کا تنازعہ اور عالمی برادری کو درپیش معاشی چیلنجز شامل ہیں۔