وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس میں نمائندگی کیلئے روانڈا کا دورہ

76
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر آج سے ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجم کا سرکاری دورہ کریں گی

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں دولت مشترکہ کے خارجہ امور کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعہ کوجاری بیان کے مطابق دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے نتائج کو حتمی شکل دینے کے علاوہ دولت مشترکہ کے خارجہ امور کے وزارتی اجلاس میں پائیدار اور جامع ترقی، کووڈ کے بعد بحالی، جمہوریت، امن اور گورننس سمیت مشترکہ تشویش کے امور بھی زیر بحث آئے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اقوام کے ایک خاندان کے طور پر دولت مشترکہ کو اقوام متحدہ کی مرکزیت کا اعادہ کرنا چاہیے اور جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے احترام کو استحکام کی بنیادوں کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ جمہوریت، قانون اور اچھی حکمرانی کے علاوہ انسانی حقوق کے احترام کو قوموں کے اندر اور ان کے درمیان استحکام، امن اور خوشحالی کی بنیاد کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدار خاص طور پر انسانی حقوق کا احترام بشمول حق خود ارادیت کا عالمی سطح پر اور بلا امتیاز اطلاق کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرد کے حقوق کو دوسرے کے حقوق پر فوقیت نہیں دی جاسکتی، تمام لوگوں کو موروثی اور مساوی حقوق حاصل ہونے چاہئیں اور ذات، رنگ، جنس یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں کیا جانا چاہیے۔

حنا ربانی کھر نے اس موقع پر برطانیہ کے وزیر برائے جنوبی ایشیا، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ لارڈ طارق احمد، جمیکا کی وزیر خارجہ کمینا جانسن سمتھ، ڈومینیکا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر کینتھ ڈیروکس اور سیرا لیون کے وزیر خارجہ پروفیسر ڈیوڈ جے فرانسس کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ دولت مشترکہ 54 ممالک کی تنظیم ہے جس کے سربراہان حکومت کا اجلاس تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد ہورہا ہے۔