24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا پاک امریکہ تجارتی معاہدے...

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا پاک امریکہ تجارتی معاہدے پر اظہار خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط ہوتے دوطرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے اسے ایک تاریخی تجارتی معاہدہ قرار دیا جو نہ صرف برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ حکومتِ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی بھی ہے۔جمعرات کوایک مقامی نیوز چینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر مملکت نے اس معاہدے کو وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزارتِ خزانہ کی برسوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی حاصل کرنا آسان نہ تھااور اس میں اعلیٰ حکام کی قیادت اور باہمی تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا۔

بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ امریکی سرمایہ کاری کے مفادات کو کئی مہینوں پر محیط ملاقاتوں اور گفت و شنید کے ذریعے پروان چڑھایا گیا جس میں محمد اورنگزیب کی کوششیں نمایاں رہیں جنہوں نے امریکی حکام سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کی حتمی شکل دینا ایک زبردست سفارتی کامیابی ہے جو طویل المدتی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔وزیر مملکت نے وزیراعظم کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کی معاشی استحکام اور ترقی پر دیرپا اثر ڈالیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات سے پاکستان میں عوام کو فائدہ پہنچے گا اور اقتصادی مواقع میں اضافہ ہوگا۔

- Advertisement -

بھارت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا منصوبہ ناکام ہو چکا ہے اور بھارت کو اب مایوسی اور پسپائی کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تنہائی کا شکار ہونے کی بجائے اب ایک مضبوط سفارتی پوزیشن میں ہے اور امریکہ سمیت دیگر کئی ممالک کے ساتھ مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں اور اُن ملاقاتوں کے مثبت نتائج کو دیا جن میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات بھی شامل ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یہ سفارتی اور تجارتی کامیابیاں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہیں اور قومی سطح پر بڑی کامیابی کی نمائندگی کرتی ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں