وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی کی ملاقات، مضبوط اقتصادی شراکت داری پر زور

45

ابوظہبی۔9جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم کی ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی جو متحدہ عرب امارات کے دورے پر ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے بدھ کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے "ایکسپیرینس ایکسچینج پروگرام (ای ای پی)” کے تحت ہو رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور مضبوط اقتصادی شراکت داری پر زور دیا گیا اور بہتر طرز حکمرانی و پالیسی ڈیزائن کے لیے منظم علم کے تبادلے کی اہمیت کو دہرایا گیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی مسلسل مالی معاونت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا جس نے پاکستان کی معاشی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔دونوں وزراء نے مالیاتی نظم و نسق کے اہم پہلوئوں پر تفصیلی گفتگو کی جن میں بجٹ سازی کے طریقہ کار، عوامی مالیاتی نگرانی اور ٹیکس اصلاحات شامل تھیں۔

فریقین نے اپنے اپنے ممالک کے تجربات کا تبادلہ کیا اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے درپیش چیلنجز اور مواقع کی نشاندہی کی۔بلال اظہر کیانی نے پاکستان کے عوامی شعبے کی مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالی اور متحدہ عرب امارات کے ڈیجیٹل ماڈل سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بات کی، جس کا محور ای کامرس، ڈیجیٹلائزیشن اور مسلسل میکرو اکنامک استحکام ہے۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مضبوط قیادت اور پرعزم وژن نے پاکستان کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات کو مزید گہرا کرنے، مالی نظم و ضبط قائم رکھنے، شفافیت کو فروغ دینے اور اچھی طرز حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ طویل مدتی معاشی مضبوطی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ ملاقات 16 جون 2025ء کو پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور متحدہ عرب امارات کی وزارت کابینہ امور کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کی روح کی عکاس تھی جو دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ تعاون کا فریم ورک فراہم کرتی ہے۔

یہ معاہدہ جدید طرز حکمرانی، ادارہ جاتی استعداد اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ عوامی نظام انتظامیہ کی ترقی کے لیے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی شریک تھے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی قیادت میں آٹھ رکنی وفد میں رکن قومی اسمبلی علی زاہد اور وزیراعظم آفس و دیگر اداروں کے سینئر حکام شامل ہیں۔