اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان پر ففتھ جنریشن ہائیبرڈ وار مسلط کر دی گئی ہے، سوشل میڈیا پر پاکستان کو برا بھلا کہا جاتا ہے اور بہکاوے میں آئے بعض نوجوان اس کا حصہ بن جاتے ہیں، پاک فوج اور ملک کے بہادر سپاہی وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں جو اپنی دھرتی سے وفادار نہیں اس کا ایمان مکمل نہیں، نوجوان مسلکی، لسانی اور علاقائی شناخت تک خود کو محدود نہ کریں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جمعہ کو قائداعظم یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں تقریری مقابلوں کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 92 سال کی عمر میں پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ مسلم امہ کے لئے ایک سوچ رکھتے ہیں، مسلم امہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی، اس کی وجوہات پر ہمیں غور کرنا چاہیے، مسلمان تعداد میں بہت زیادہ ہیں لیکن اس دنیا کے نظام کو کنٹرول کرنے والے قلیل تعداد میں ہیں، پاکستان پر ففتھ جنریشن وار مسلط ہے، دنیا کے نظام کو کنٹرول کرنے والی قلیل تعداد جو کہتی اور سوچتی ہے اسی کو سچ سمجھا جاتا ہے اور جس طرح کے طرز زندگی اور بود و باش کو وہ اختیار کرتے ہیں پوری دنیا میں اسی پر عمل کرتی ہے، آج کا مسلمان پریشان اور سوچ میں مبتلا ہے، ہمیں پاکستان کی بجائے خود کو مسلک، علاقے اور زبان کی بنیاد پر سوچنے کا رویہ ترک کرنا ہو گا کیونکہ دشمن ہمیں صرف پاکستانی کی حیثیت سے نشانہ بناتا ہے، کچھ قوتیں پاکستان کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتیں، پاکستان ہر طرح کے وسائل سے مالا مال ہے اور ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی فوج پاکستان کی محافظ ہے، معدنیات سے مالا مال اسلامی ملکوں کے عوام برباد اور تباہ حال ہو گئے ہیں، ہمیں دشمن کے پروپیگنڈے کا شکار ہو کر گمراہ نہیں ہونا چاہیے، بھارت اور مغربی دنیا فلموں میں ہماری تاریخ کو مسخ کر کے پیش کر رہے ہیں، پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رمضان کی 27 ویں شب کو معرض وجود میں آیا، یہ اپنے اندر معنویت رکھتا ہے، پوری مسلم دنیا میں سے سعودی عرب نے ہماری افواج کو حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے چنا ہے، دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر لگی ہیں، ہمیں مایوسی کا شکار ہونے کی بجائے محنت سے آگے بڑھنا ہو گا، آج ہم دنیا کی تمام قوموں کو برابری کی سطح پر عزت دیتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پاکستان کو برا بھلا کہنے کا حصہ نہ بنیں، پاکستان کے بہادر سپاہی پاکستان کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، ایسے میں کچھ لوگ آپ کو کنفیوژ اور گمراہ کر رہے ہیں، نوجوان خود کو مسلکی، علاقائی اور لسانی شناخت تک محدود نہ کریں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت کو اجاگر کریں، خود پر اعتماد کرنا سیکھیں، مسلمانوں کی شاندار تاریخ ہے اور انہوں نے بہت کم تعداد میں ہوتے ہوئے بھی دنیا میں اپنا لوہا منوایا، خلوص نیت سے کام کریں گے تو کامیابی ملے گی، اپنے اندر جذبہ حب الوطنی پیدا کریں جو اپنی دھرتی سے وفادار نہیں اس کا ایمان مکمل نہیں، سوشل میڈیا پاکستان کے خلاف کام ہو رہا ہے اور پاکستان مخالف قوتوں نے نوجوانوں کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کے گھرانے کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، دشمن پاکستان کے خلاف اپنی طاقت آزمانا چاہتے ہیں، وہ جان لیں کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے طلباءبھی قائداعظم یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان کی نشستیں بڑھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ میں قائداعظم یونیورسٹی ملک کی صف اول کی یونیورسٹی ہے، اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ آئی آر آئی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیاءالحق نے کہا کہ مسلمانوں کو تعمیری انداز میں آگے بڑھنا چاہیے، ردعمل کا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے، بیانیان پاکستان نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جو دنیا کی رہنمائی کرے، پاکستان کے نوجوان پاکستان کی طاقت ہیں۔