اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ مہذب اقوام کے لئے سکیورٹی اور امن بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے دھرنا دینے والوں کے خلاف طاقت استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے ملک کا نقصان نہیں کرنا چاہئے۔ قانون توڑنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، جو قانون توڑے گا اور ریاست کی عمل داری کو چیلنج کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی چاہے وہ لوگ کابینہ یا پارلیمنٹ کے ارکان ہی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک میں امن نہیں ہوتا اور اس کی عزت اور توقیر نہیں ہوتی تو دنیا میں جگ ہنسائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے قومی سلامتی کے اداروں کی استعداد نہیں بڑھائیں گے اور پالیسیاں ملکی مفاد میں نہیں بنائیں گے تو پھر کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو شاید اس وقت تک کامیاب نہیں سمجھا جاتا جب تک کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک نے پہلے بھی ایک مرتبہ احتجاج کیا تھا لیکن وزیراعظم اور پاکستان کی حکومت نے ہالینڈ میں خاکوں کا مسئلہ حل کرایا جس کو تحریک لبیک کی قیادت نے بھی سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121106