
اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لئے کمیشن تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جو پروفیشنل لوگوں پر مشتمل ہوگا، کمیشن تین سے چھ ماہ کے اندر کام کرے گا، اسلام آباد میں قبضے کرنے والوں کے خلاف جلد بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا، کچی بستیوں اور غریبوں کو نہیں چھیڑا جائے گا، آج سے پہلے کسی حکومت نے قبضہ مافیا پر ہاتھ نہیں ڈالا، اب ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور انہیں مثال بنایا جائے گا۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سی ڈی اے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے اور ان کی ٹیم نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ 1960ءمیں اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر آج تک نظرثانی نہیں کی گئی جبکہ ہر 20 سال بعد اس پر بڑھتی ہوئی آبادی اور نئی ضروریات کے تحت نظرثانی کی جانی تھی جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، قبضہ مافیا کو لائسنس دیئے گئے، گرین بیلٹس پر قبضے کئے گئے اور جنگلات کی زمینوں پر تجاوزات کی گئیں۔