اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے ایوی ایشن ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ مسافروںکے دل جیتنے کیلئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں، سیاحوں، انٹرپرینیور اور سرمایہ کاروں کیلئے صارف اور مسافر دوست جدید ماڈل وضع کیا جائے۔ جمعرات کو ایف آئی اے، ایوی ایشن ڈویژن اور اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے ملکی اور غیر ملکی مسافروں بالخصوص اوورسیز پاکستانیز کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہینڈل کرنے سے متعلق طریقہ کار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ایف آئی اے، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ایوی ایشن ڈویژن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں کے معاملہ پر اپنے رویہ اور طریقہ کار میں مکمل تبدیلی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کی سہولت کے تناظر میں ایوی ایشن ڈویژن مختلف یونیورسٹیوں کے تعاون سے انٹرن شپ پروگرام شروع کرے تاکہ طالب علم غیر ملکی زبان سیکھیں جس سے پاکستان آنے والے غیر ملکیوں سے ان کی مقامی زبان میں بات چیت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے طالب علموں کو انٹرن شپ کے دوران تربیت دی جائے کہ وہ پاکستان کے ایئرپورٹس پر آنے والے غیر ملکی اور مقامی مسافروں کو بہتر انداز میں ہینڈل کر سکیں۔ وزیر مملکت نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیز اور سفارتی حکام کیلئے سہولت مراکز اور جامع انتظامات کریں۔ شہریار آفریدی نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ پر امیگریشن کاﺅنٹرز پر اوورسیز پاکستانیز اور سفارتکاروں کیلئے الگ قطاریں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستان کے اعزازی سفیروں کیلئے بھی ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وزیر مملکت نے ایئرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی ہینڈلنگ پر بھی خفگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ عملہ دوستانہ رویہ اختیار کرے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ایئرپورٹس پر سہولیات مراکز بھی صارفین سے متعلق امور میں تیزی لائیں۔