
اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ ماضی میں تعلیمی اداروں میں قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کی تربیت دی جاتی تھی ہم اس پروگرام کو دوبارہ شروع کریں گے، جو قانون کو عزت دے گا اسے عزت ملے گی، خلاف ورزی کرنے والے سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، نئے پاکستان میں قانون کی بالادستی قائم ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فائر ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، پہلے یہ تاثر تھا کہ پاکستان مین سب کچھ چلتا ہے، اب ایسا نہیں چلے گا، کوئی جتنا بھی طاقتور ہو گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ایک ٹرینڈ بن چکا ہے کہ عمارت میں آگ لگتی ہے اور پھر بتایا جاتا ہے کہ سارا ریکارڈ جل گیا، اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور تمام تر ڈیٹا حاصل کر رہے ہیں جو جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ قرآن کی تعلیم انسانیت کا درس دیتی ہے، آج ہم جس تقریب میں موجود ہیں یہاں بھی انسانیت کی خدمت کی تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیمی اداروں میں قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کی تربیت دی جاتی تھی اور اس کے نمبر بھی دیئے جاتے تھے، ہم اس تربیت کو دوبارہ شروع کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوان نسل اور بالخصوص طلبا پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فائر ٹیکنالوجی کو جو بھی آلات درکار ہوں گے ان سمیت تما م ضروری سہولیات مہیا کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ انسانیت کی خدمت جو ہمارا خاصہ تھا وہ آج دنیا ہمیں بتا رہی ہے۔ اگر آپ تاریخ پڑھیں تو پتہ چلتا ہے کہ غزوات میں حضرت محمد ۖ کے شانہ بشانہ بچے بھی حصہ لیتے تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 70ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہے اور بھاری بھر مالی نقصان بھی اٹھایا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دنیا بھر کے ممالک آج نوجوان نسل پر توجہ دے رہے ہیں، ہمیں بھی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ شہر یار آفریدی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاک فوج ،ایئر فورس ،نیوی ،رینجرز ،پولیس سمیت دیگر اداروں کے افراد کو ٹریننگ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ آپ نے اپنی مرضی سے منتخب کیا ہے، آپ مصیبت کے وقت اور مشکل میں دوسروں کے لئے کھڑے رہتے ہیں۔ شہر یار آفریدی نے کہا کہ ناامیدی کفر اور گناہ ہے، مستقبل ہمارا ہے، ہم ایک عظیم قوم بننے جارہے ہیں، جب خالق سے تعلق جڑتا ہے تو دنیا کی بڑی بڑی آزمائشیں حل ہو جاتی ہیں، ہم پٹری پر چل پڑے ہیں، آپ کی جان و مال کی حفاظت ریاست کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے لیکر وزراء تک اور امیر سے لیکر غریب تک قانون سب کے لئے برابر ہے، جو آئین و قانون کو مانے گا ریاست اس کو عزت دے گی۔تربیتی پروگرام کے تحت تینوں عسکری اداروں میں میجر رینک تک کے افسران کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔