جہلم۔ 29 جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی ،ڈی پی او جہلم طارق سندھو سمیت دیگر اعلی افسران ان کے ہمراہ تھے وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے مختلف امام بارگاہوں میں جا کر انتظامیہ سے محرم کے جلوسوں اور مجالس کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر ان کی رائے معلوم کی اور سکیورٹی پلان کے حوالے سے لائسنس داران سے تفصیلی گفتگو کی
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے محرم کے جلوس کے اختتامی پوائنٹ بیت العباس کا بھی دورہ کیا اور وہاں بارگاہ کے ذمہ داران سے گفتگو کی اور ان کی تجاویز سے اگاہی حاصل کی اس موقع پر وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ملک بھر میں محرم کے حوالے سے ہنگامی اقدامات پر عمل پیرا ہے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے کر عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عشرہ محرم کو گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ہر اہل ایمان ان عظیم ہستیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے بلا شبہ شہدائے کربلا نے حق کی خاطر جانوں کی قربانی دے کر یہ درس دیا کہ ظلم کے خلاف اپنے جان و مال کی قربانی سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے ۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں بنائے گئے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو اور انچارج سیف سٹی پروجیکٹ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا وفاقی وزیر مملکت نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی آفس میں بنائے گئے ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران سے تفصیلی میٹنگ کی جس میں وفاقی وزیر کو ضلعی کنٹرول روم کے قیام اس کے کردار اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کنٹرول روم کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی
وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم نے جلوسوں کی سکیورٹی اور عزاداروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں تمام سکیورٹی ادارے اس حوالے سے الرٹ ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت ان مقدس ایام کو پرامن طریقے سے گزارنے کے لیے پرعزم ہے۔