وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر سے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران کے وفدکی ملاقات

75

اسلام آباد۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر سے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران کے وفد نے یہاں ایف بی آر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وفد نے ریونیو وصولی میں اضافہ کیلئے ایف بی آر کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ممبران ٹیکس وصولیوں میں اضافہ اور ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے ایف بی آر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہا اور کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور ٹیکس کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیاں حکومت کے سماجی و اقتصادی ایجنڈا کے نفاذ کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہیں، حکومت پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک کے طور پر آگے لے جانا چاہتی ہے۔