اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ 29 ممالک میں پاکستانیوں کے ڈیڑھ لاکھ اکاﺅنٹس میں 10 سے 11 ارب ڈالر ہو سکتے ہیں، سوئٹزرلینڈ میں 200 ارب ڈالر موجود ہونے کی بات سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے 2013ءمیں اسمبلی میں کی تھی، سوئٹزر لینڈ کے ساتھ پہلے معاہدہ مکمل نہیں تھا، اب ہم نے معاہدہ مکمل کر لیا ہے، جنوری سے سوئس اکاﺅنٹس کے حوالے سے تفصیلات آنا شروع ہو جائیں گی۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر جاوید عباسی کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا تھا جو دوہرے ٹیکسوں اور متعلقہ چیزوں سے متعلق تھا لیکن اس میں اکاﺅنٹس کی تفصیلات کا معاملہ شامل نہیں تھا، موجودہ حکومت نے دوبارہ اس پر مذاکرات کئے اور معاہدہ کو مکمل کیا ہے، جنوری میں اس سلسلے میں پیش رفت ہو گی، 29 ممالک کے اعداد و شمار سامنے آ چکے ہیں، ڈیڑھ لاکھ اکاﺅنٹس میں 10 سے 11 ارب ڈالر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے 2013ءمیں قومی اسمبلی میں سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے دو سو ارب ڈالر کی موجودی کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سوئس اکاﺅنٹس کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد پتہ چلے گا کہ کون سے اکاﺅنٹس ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کئے گئے ہیں اور کون سے نہیں، جس کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی کارروائی ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=127076