اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کا بنیادی مقصد آمدنی حاصل کرنے کے بجائے تمام غیرقانونی اکائونٹس کو دستاویز کرنا ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ایمنسٹی سکیم گزشتہ حکومت کی سکیموں سے مختلف اور زیادہ مفید ہے جس کے نتیجے میں تمام جعلی اکائونٹس کو رجسٹرڈ کیا جا سکے گا اور کرپشن کے جڑ سے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایمنسٹی سکیم کے ذریعے موجودہ حکومت نے جعلی اکائونٹس ہولڈرز کو ایک آخری موقع دیا ہے تاکہ وہ اسے رجسٹرڈ کرا سکیں ورنہ ان کے خلاف مناسب اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے ریونیو کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آئی ایم ایف کی کوئی شرائط نہیں اور نہ ہی کابینہ اجلاس میں روپے کی قدر میں کمی کے بارے میں کوئی بحث ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی طرف توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت بجلی اور گیس صارفین کو بلوں کی مد میں ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔ زرمبادلہ کے زخائر پر تبصرہ کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے موثروٹھوس اقدامات کی وجہ سے زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ ہوا ہے لیکن ملکی معیشت کے فروغ کے لیے حکومت ان زخائر میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہے۔