وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی کا ضلع ہری پور پنیاں میں افغان مہاجرین کے کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب

206

اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سال2019ء کو افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے چالیس سال مکمل ہونے کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں پورے سال کے دوران مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ضلع ہری پور پنیاں میں افغان مہاجرین کے کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہاجرین کے مشران نے وزیر سیفران کو روایتی افغان پگڑی بھی پیش کی۔ شہریارآفریدی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے چالیس لاکھ مہاجرین کو نہ صرف خوش آمدید کہا بلکہ انہیں بھائیوں کی طرح چالیس سال تک اپنے ساتھ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جبکہ ترقی یافتہ ممالک مہاجرین کی ایک کشتی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے تو پاکستان نے اپنے معاشی بحران کے باوجود افغان مہاجرین کو کیمپوں میں رکھنے کے ساتھ ساتھ ستر فیصد مہاجرین کو عام پاکستانیوں کے ساتھ آزادانہ طور پر رہنے اور کاروبار کرنے کا حق دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر میں نے کیمپ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ حکومت پاکستان افغان مہاجرین کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی مہاجرین کے ساتھ اپنے وسائل تقسیم کئے اور اس سخاوت کی عالمی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وزیر سیفران شہریارآفریدی نے کہا کہ انکے وزارت داخلہ کے دور میں انہوں نے مہاجرین کے بڑے مسائل حل کئے جس میں سولہ لاکھ افغان مہاجرین کو بنک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت دینا سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی اپنے معاشی مسائل کے باوجود چوبیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کررہا ہے اور انکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان مہاجرین کے مشر ہیبت شاہ نے وزیر سیفران شہریارآفریدی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے وزیر ہیں جنہوں نے مہاجربستی کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ افغان مہاجرین تشخص کے بحران سے گذر رہے ہیں وہ پاکستان میں بھی مہاجر ہیں اور افغانستان میں بھی انہیں قبول نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں انکے اکثر مسائل حل ہوئے ہیں جس پر وہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر سیفران شہریارآفریدی کے مشکور ہیں۔