اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کی معلومات کا تبادلہ کرنے والے افسران کو سزا دے کر ریاست پاکستان اور پاک فوج نے دوسروں کے لئے کلیئر پیغام دیا ہے‘ ماضی میں لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں کو بھی سزا دے کر مثال قائم کی جائے گی‘ قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لئے پوری قوم دعاگو ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے قومی سلامتی کی معلومات دشمن ممالک کو دینے کے حوالے سے اپنے افسران کو درست سزائیں دے کر دوسرے افسران بلکہ تمام محب وطن افسران کو واضح پیغام دیا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ قومی خفیہ معلومات کو دشمن ممالک کے ساتھ شیئر کرنے والے افسران کو ریاست پاکستان کی طرف سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ایسے افسران کی اداروں میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا اور دیگر جرائم و ظلم و بربریت عام تھی‘ ماضی کے حکمرانوں کو قومی دولت و دیگر قومی جرائم میں ملوث ہونے پر سخت سے سخت سزا دے کر مثال قائم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اس سے پہلے پانچ میچوں میں کارکردگی مثالی رہی۔ سرفراز احمد اچھا کھلاڑی اور کپتان ہے توقع ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اتفاق و اتحاد کی بدولت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔