اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے ملک میں وسیع سرمایہ کاری کا آغاز ہو گا جبکہ پاکستان کے معاشی مسائل کے حوالہ سے دوست ملک چین سے بڑے پیکیج متوقع ہیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ چین نے وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم کے دورہ چین سے ملک میں نئی سرمایہ کاری کا آغاز ہو گا جبکہ سی پیک منصوبہ پر کام کو معیاری بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سی پیک منصوبے ملکی معیشت کیلئے ایک نادر تحفہ ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت سی پیک منصوبہ شروع کرنے پر چین کے مشکور ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو بہت جلد معاشی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے جس طرح وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا اسی طرح دورہ چین بھی بھرپور کامیاب رہے گا۔