وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا مریم اورنگزیب کے معیشت کے حوالے سے بیان پر ردعمل

126

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن) نے تو قوم کی سڑکیں، ہوائی اڈے اور ہسپتال بھی گروی رکھ دیے تھے، معیشت کی بہتری کے مشورہ دینے والے یہ مشورے اپنے پاس رکھیں، ان کی معیشت کی مہارت کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ پیر کو مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے معیشت کے حوالے سے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف اور حکومت میں بات چیت پر اپوزیشن کی مایوسی میں اضافہ ہو گیا، اپوزیشن سے ملک میں معاشی بہتری کے لیے اقدامات اور استحکام برداشت نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ پڑھنے والوں کو تکلیف ہو رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت اپنے پیروں پر کیوں کھڑی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف نہ جائیں تو بھی اپوزیشن کو تکلیف ہے اور اگر ملاقات کریں تو بھی انہیں تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے تو قوم کی سڑکیں، ہوائی اڈے اورہسپتال بھی گروی رکھ دیے تھے، معیشت کی بہتری کے مشورہ دینے والے یہ مشورے اپنے پاس رکھیں، ان کی معیشت کی مہارت کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔