اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ کاسمیٹکس کا سامان بنانے والی کمپنیاں خواتین کو رنگ گورا کرنے کا لالچ دے کر جلدی امراض پیدا کر رہی ہیں، میک اپ بنانے والی 56 کمپنیوں کی مصنوعات میں وافر مقدار میں پارہ پایا گیا جو جلد کے لئے انتہائی مضر ہے، عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان تیزی سے بدل رہا ہے جس کی تعریف اب دنیا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ”نامیاتی آلودگی کی روک تھام اور تجاویز“ کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت ملک میں ماحولیات کی بہتری کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، ملکی تاریخ میں ماحولیات کے حوالے سے اہم منصوبے شروع کئے جا چکے ہیں جس میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت ملک کے کونے کونے میں شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ماحولیاتی تبدیلی کے لئے ہمیں ان کے آئیڈیاز کے لئے تحقیقات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اب دنیا بھی کہہ رہی ہے کہ پاکستان درست سمت پر گامزن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے، کسی کے ساتھ نہ ہی ڈیل ہو گی اور نہ ہی کسی کو ڈھیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزارت کی طرف سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق مقامی اور ملٹی نیشنل 59 کمپنیوں میں سے 56 کمپنیوں کی مصنوعات میں پارہ کی وافر مقدار پائی گئی ہے جو انسانی جلد کے لئے انتہائی مضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ گورا کرنے کا لالچ دے کر کاسمیٹکس کمپنیاں خواتین میں جلدی امراض پیدا کر رہی ہیں۔ وزارت اس حوالے سے کام کر رہی ہے اور ہم ان کمپنیوں کو نوٹسز جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی کیونکہ خواتین رنگ گورا کرنے کی غرض سے اپنی جلد پر زہر لگا رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارہ کا کاسمیٹکس میں زیادہ استعمال جلد کی بالائی تہہ کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے کینسر جیسی امراض پیدا ہو رہی ہیں۔