اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ 800 کلومیٹر طویل نارتھ ساﺅتھ پائپ لائن پراجیکٹ کے ماحولیاتی اور سماجی اثرات کے تجزیہ سے ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ وہ پیر کو یہاں قومی سطح کے مشاورتی سیشن میں خطاب کر رہی تھیں جس میں نارتھ ساﺅتھ گیس پائپ لائن پراجیکٹ کے مجوزہ منصوبہ کے ماحولیاتی و سماجی اثرات کے بارے میں متعلقہ شراکت داروں نے بات چیت کی۔ یہ منصوبہ ملک میں قدرتی گیس کی کمی کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی انحطاط اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ادراک ہے، ملک کو موسمیاتی تبدیلی اور اس جیسے دیگر عوامل کی وجہ سے بڑھتے ہوئے غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ماحولیاتی انحطاط کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔