وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کا ایوان بالا میں جواب
اسلام آباد ۔ 19 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘ آلو کے بیج کی تحقیق کا ہمارے پاس کوئی نظام نہیں ہے‘ اس طرف توجہ دی جانی چاہیے،جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں‘ ہر ضلع کی انتظامیہ اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی مجاز ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر عتیق شیخ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ آلو کی فصل اگانے کے لئے سالانہ بنیاد پر دس سے پندرہ ہزار اعلیٰ درجے کے تصدیق شدہ بیج ہالینڈ سے درآمد کئے جاتے ہیں۔ ہالینڈ آلو کے بیج کی مارکیٹ میں چھایا ہوا ہے۔ اس وقت دو مرکز ملک میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔