اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے نصاب میں قرآنی آیات اور سورتیں شامل نہ کرنے کی خبروں کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھٹی سے لے کر بارہویں تک نصاب کی کتابوں میں پورا قرآن مجید ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائے گا۔ بدھ کو وزارت وفاقی تعلیم و تربیت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت نے کہاہے کہ ایسی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد، گمراہ کن اور قابل مذمت ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ چھٹی سے دسویں کلاس تک مکی سورتیں جن میں واقعات شامل ہیں، پڑھائی جائیں گی جبکہ آخری دو سالوں کے دوران 11 ویں اور 12 ویں کلاس میں احکامات پر مبنی مدنی سورتیں پڑھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نصاب سات درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے پانچ درجے مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ چھٹا اور ساتواں درجہ ستمبر 2016ءتک مکمل کر لیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14041