وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور انجینئر علی محمد خان کا تقریب سے خطاب

80
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2019ءکا اجراءکر دیا گیا، نیا پلان موجودہ صورتحال اور 2010ءکے بعد پیش آنے والے واقعات و موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2019ءکے اجراء کی تقریب جمہ کو یہاں ہوئی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور انجینئر علی محمد خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات اور ممبر آپریشن این ڈی ایم اے بریگیڈیئر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔ وزیر مملکت انجینئرعلی محمد خان نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مستقبل کےلئے لائحہ عمل بڑا واضح ہے اور حکومت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور قدرتی آفات کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہے لہٰذا عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانا ہماری ا ولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں ہم ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آفات اپنے ساتھ دیگر بڑے مسائل بھی لاتی ہیںِ، وہی قومیں سرخرو ہوتی ہیں جو ناگہانی حالات سے نمٹنے اور ان کے اثرات سے بچنے کی تیاری رکھتی ہیں، ہماری قوم نے ہولناک زلزلوں و تباہ کن سیلابوں جیسی آفات و دیگر چیلنجز کا بڑی بہادری سے سامنا کیا اور ان حالات میں ثابت قدم رہی تاہم پیشگی تیاریاں و انتظامات بہت ضروری ہیں۔ وزیر مملکت نے این سی سی اور گرلز گائیڈ جیسے پروگراموں کو بحال کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نئی نسل کی تربیت کا انتظام ہونا چاہئے۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2019ءآفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے تدارک میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے این ڈی ایم اے کو پلان پر عملدرآمد اور دیگر ہر قسم کی پالیسی سازی میں ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیر مملکت نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ آفات سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان ابھر رہا ہے، ان کی ایماندار قیادت پر دنیا اعتماد کر رہی ہے، ہم پرامن قوم ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے تقریب کے شرکاءکو این ڈی ایم اے کے کردار، صلاحیتوں اور کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان شروع سے ہی قدرتی آفات کی زد میں رہا ہے اور ہماری قوم آفات کا سامنا کرتی آئی ہے لہٰذا ہمارا تجربہ اور صلاحیت ہمیں آفات سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آفات سے نمٹنے کا نظام مو¿ثر انداز میں فعال ہے لہٰذا کسی بھی آفت کے صورت میں قبل از وقت آگاہی کے نظام اور تجربہ کار افراد کی بدولت آفات کی صورت میں ہونے والے ممکنہ نقصان کوکم سے کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آفات سے محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ قبل ازاں ممبر آپریشن این ڈی ایم اے بر یگیڈیئر مختار احمد نے اپنی پریزنٹیشن میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2019ءکے بارے میں شرکاءکو تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پلان نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2010ءکی ترمیم شدہ شکل ہے جو کہ موجودہ صورتحال اور 2010ءکے بعد پیش آنے والے واقعات اور موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ پلان ایشیئن ڈیزاسٹر پرپئیرڈنیس سینٹرکے تعاون سے پاکستان ریزیلئنس پارٹنرشپ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔