وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

60
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک ایماندار شخص ہیں جو کسی کو بھی قومی مصالحتی آرڈیننس (این آر او) نہیں دیں گے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوان افراد اور مجرموں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیئے کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوانی پر کبھی بھی کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر سمیت دیگر دوست ممالک اور عالمی برادری نے وزیراعظم عمران خان کی دیانتدار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے قومی معیشت اور اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اصغر خان کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرے گی اور اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔