راولپنڈی۔ 9 اکتوبر (اے پی پی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کے روشن مستقبل کیلئے بہترین مواقع فراہم کرے گی۔ وہ بدھ کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے اسلامک ڈیپارٹمنٹ میں”21 ویں صدی میں بین المذاہب مکالمہ” کے عنوان پر پہلی دو روزہ قومی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کرنا اس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نوجوان نسل کو بہترتعلیم وتربیت فراہم کر کے تر قی کی راہ پر گامزن کیا جائے کیونکہ ہمارے دین ہمیں ماں کی گود سے لے کر قبر تک سیکھنے کا عمل جاری رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ دین اسلام امن کا گہوارہ ہے اور یہ سب تبھی ممکن ہوگا جب ہم طلبہ کو دین کے اصولوں کے مطابق تربیت فراہم کریں گے۔پروفیسر مہرداد یوسف نے اس موقع پرکہا کہ نوجوان نسل کی بہترین تربیت وقت کی ضرورت ہے ۔وائس چانسلر ثمینہ امین قادر نے کہا کہ میں اس کانفرنس کو منعقد کروانے پر اسلامک ڈیپارٹمنٹ کو مبارک باد پیش کرتی ہو کیونکہ اس طرح کی کانفرنسز کا بنیادی مقصد معاشرے میں بیداری پیدا کرنا ہے جوکہ اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔کانفرنس کوآ رڈینٹر ڈاکٹر شہزادی پاکیزہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اورکانفرنس سے متعلق تمام آگاہی فراہم کی۔ کانفرنس میں فاطمہ جنح ویمن یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیز کی طالبات، مذہبی سکالراور 64 ریسرچ پریزینٹر نے حصہ لیا۔ آخر میں وائس چانسلر ثمینہ امین قادر نے مہمان خصوصی کو سووینئر پیش کیا۔