وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی سے بات چیت

73

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا بنیادی مقصد غیرآئینی طریقے سے اقتدار پر قبضہ کرنا ہے، اپوزیشن جماعتیں جمہوری حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرنے اور اپنے لیڈروں کے خلاف احتسابی عمل کو روکنے کے لئے کوشاں ہیں لیکن تمام سیاسی جماعتیں جان لیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی کیونکہ وہ ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کی سیاست کو 2018 عام انتخابات میں ان کے حلقے کے لوگوں نے مسترد کردیا تھا لہذا اب انہیں اقتدار میں آنے کیلئے اگلے عام انتخابات کا انتظار کرنا چاہئے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی کیونکہ وہ ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خون خرابہ کرنے والے فاشسٹ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر مودی کے خوفناک چہرے کو بڑی بہادری سے بے نقاب کیا۔