وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

72
وزیر اعظم نوجوانوں کے مستقبل پر بہت توجہ دے رہے ہیں،ای کامرس کے ذ ریعے نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو روز گار فراہم کیا جا رہا ہے جس کیلئے حکومت نے انقلابی کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،وزیر مملکت علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے نیا بلدیاتی نظام بہت ضروری ہے تاکہ عام آدمی کو فیصلوں کیلئے بااختیار بنایا جا سکے، نئے قانون سے شہریوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جائے گا کیونکہ اس سے انہیں اپنے مسائل کی نشاندہی کرنے کا اختیار ہو گا اور ان کی اپنے منتخب بلدیاتی نمائندوں تک رسائی آسان ہو گی۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت بلدیاتی نظام کو مالی اور انتظامی طور پر با اختیار بنانے اور شفاف طریقے سے مالی اعانت تقسیم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بروقت بلدیاتی انتخابات میں دلچسپی لے رہے ہیں، موجودہ حکومت گراس روٹ لیول پر لوگوں کو بااختیار بنانے اور فنڈز کی تقسیم کے لئے پراعتماد ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے جائے گا اور بلدیاتی نظام میں مالی بے ضابطگیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی میں وقت لگے گا لیکن اقتدار کی مقامی سطح پر منتقلی سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔ علی محمد خان نے کہا کہ مرکزی اقتدار کی کمی سے ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام 2013ء سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کا ایجنڈا رہا ہے۔