وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

71

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی پی پی اور ن لیگ کی کرپشن کے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف وجود میں آئی ، سندھ میں گورنر راج نافذ نہیں کیا جارہا۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن کے خاتمہ کے لئے بنی ، ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملے کئے کوئی ادارہ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی اپنے دور حکومت میں گورنر راج لگایا تھا ،علی محمد خان نے کہا کہ سندھ اور کراچی نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اس کے باعث ہمیں یقین ہے کہ سندھ میں بھی ہماری حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گورنر راج کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جو ماضی کی حکومتوںنے کیا ۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔