
اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سیدپور میں گیس، گلیوں کی تعمیر اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا، منصوبے پر 2 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں گیس سپلائی کا یہ تیسرا افتتاح ہے، اس سے قبل پاہگ پنہوال اور موریاں میں گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کیا جا چکا ہے جہاں تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حالیہ پانچ سالوں میں گزشتہ 50 سالوں سے زائد ترقیاتی کام ہوں گے، 2018ءتک اسلام آباد کے تمام دیہاتوں کو گیس فراہم کر دی جائے گی، اس مقصد کیلئے وزیراعظم نے مزید فنڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اسلام آباد میں گیس سپلائی کے نئے منصوبوں کیلئے وزیراعظم نے ایک ارب روپے کی منظوری دی ہے جس سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو گیس فراہم کی جائے گی۔