اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، افریقی ممالک میں حال ہی میں پاکستان کے پانچ سفارتخانے قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کا قیام اور دونوں ملکوں کے درمیان پروازوں کا آغاز دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں اہم سنگ میل ہے۔قبل ازیں وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسگانو آریگا نے وفاقی دارالحکومت میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسگانو ایریگا نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔
مسگانو آریگا نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کے لئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان طویل اور دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں سفارت خانے کے افتتاح سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، سیاسی، اقتصادی اور سماجی تعاون کی ایک نئی تاریخ رقم ہوگی۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ایتھوپیا کیلئے باعث فخر ہیں۔ اس سے قبل وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کا افتتاح کیا اور سفارتخانے میں ایتھوپیا کی پرچم کشائی کی۔
دریں اثناء دفتر خارجہ کے مطابق ایتھوپیا کے سفارت خانے کا افتتاح پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے اور اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار کرے گا۔