باکو۔15مئی (اے پی پی):وزیر مملکت ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے آذربائیجان میں خوراک و زراعت کی بین الاقوامی نمائش میں حکومت پاکستان کی نمائندگی کی۔ وزیر مملکت نے نمائش کے مرکزی اجلاس سے خطاب کے دوران زراعت کے شعبے میں حکومت پاکستان کی اصلاحات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ زراعت پاکستان کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی کے جامع منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈیجیٹلائزیشن، جدید زرعی مشینری سمیت جدید طریقوں سے زراعت کے شعبے میں انقلاب لایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے ایس آئی ایف سی جیسا پلیٹ فارم مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
بلال اظہر کیانی نے نمائش کے انعقاد پر آذربائیجان کی حکومت، وزارت زراعت اور متعلقہ وزراء کو خراج تحسین پیش کیا اور مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس ایک روزہ اہم دورے کے دوران وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے آذربائیجان کے چیئرمین ریلویز روشان رستموف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ریلویز کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے مزید بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے آذربائیجان نے نائب وزیر زراعت سروان جعفرف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بلال اظہر کیانی نے حالیہ جنگ میں بھرپور حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان زراعت سمیت تمام شعبوں میں مثالی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے نائب وزیر زراعت اور آذربائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین کے ہمراہ آذربائیجان کے بانی و سابق صدر حیدر علییوف کی قبر اور یاد گار پر حاضری دےکر حکومت پاکستان کی جانب سے پھول بھی چڑھائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597530