
فیصل آباد۔29 اکتوبر(اے پی پی )حکومت کے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت وزیر مملکت برائے ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے پیر کی دوپہر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے دوران وائس چانسلرز آفس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا جبکہ انہوں نے یونیورسٹی اساتذہ اور طلباءو طالبات کو بھی پودے لگانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور موسمی تغیرات ہماری آب و ہوا کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں جس سے دھند اور سموگ سمیت دیگر مسائل کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے اور اس کے انسانی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کے پی کے کے بلین ٹری پروگرام کی طرز پر کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت ےہاں بھی کروڑوںکی تعداد میں نئے پودے لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے اور تمام سرکاری ، نیم سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ طلباءو طالبات او ر عوام الناس سے بھی اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ حکومت کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور نہ صرف زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں بلکہ ان کی آبیاری بھی ےقینی بنائی جائے۔