
اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر مملکت سیفران و انسداد منشیات شہریار آفریدی نے میانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے علاقہ کی عوام کے مسائل سنے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعظم کی ہدایت پر میانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیر مملکت نے تمام سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ عمران خان کی لیڈر شپ میں ہماری حکمرانی کا مقصد قوم کا مستقبل سنوارنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہور کی عزت میں جمہوریت کی بقاءہے، عوام کی فلاح و بہبود کا حق ادا کرکے حقیقی مدینہ کی ریاست بنائیں گے ۔