اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی دعوت پر سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور اورمحمد یوسف نے پارلیمنٹ ہاﺅس کا دورہ کیا اور قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ اس موقع پر سعید انور نے پارلیمنٹ ہاﺅس کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بیان میں کہا کہ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کا مختلف آزمائش سے امتحان لیتا ہے، اگر مسلمان دین اسلام پر صحیح معنوں پر عمل پیرا ہو جائیں تو مسائل سے نجات مل جائے گی۔ سعید انور نے کہا کہ دنیا و آخرت کی نجات نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہے۔ اجتماع جمعہ میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، قومی اسمبلی وسینیٹ سیکٹریٹ کے افسران سمیت دیگر لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، سعید انور کے بیان کو سنا۔ کرکٹر محمد یوسف نے نماز جمعہ کی اجتماعمی دعا میں ملک کی ترقی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔دریں اثناء وزارت پارلیمانی امور کے حکام اور پارلیمنٹ ہاﺅس کے خطیب نے ٹیسٹ کرکٹر کا استقبال کیا۔