اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی آرگنائزنگ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی کانفرنس کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن تکنیکی، پیشہ وارانہ اور مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کو انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینئر اور ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں امتحانی نظام کو بہتر بنانے کیلئے منعقد کی جانے والی قومی کانفرنس بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے قومی تعلیمی پالیسی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت کانفرنس کے انعقاد میں ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔