اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ بچوں کی زندگی کے ابتدائی سال نہ صرف ابتدائی تعلیم بلکہ ان کی غذائی نگہداشت اور کردار سازی کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ان ہی سالوں میں ان کی شخصیت پروان چڑھتی ہے جس کے ان کی پوری زندگی پر دیر پا اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں ارلی چائلڈہڈ کیئر اور ایجوکیشن (ای سی سی ای) بارے پہلی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی طور پر نگہداشت اور تعلیم کا سلسلہ پیدا ہونے سے لے کر8 سال تک نہیں بلکہ پیدائش سے ایک سال پہلے سے شروع ہونا چاہئے۔ وزیر نے کہا کہ پائیدار ترقی کے ہدف نمبر4.2 کا تقاضا ہے کہ 2030ءتک تمام بچوں کوپری ابتدائی تعلیم اور ارلی چائلڈ ہڈ کی نگہداشت کی فراہمی کی جائے ۔وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف ہمارے بھی قومی ترقی کے اہداف ہیں اسی لیے ہم نے ان اہداف کے حصول کا پختہ عزم کر رکھا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48073