
اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئے دن رات کام کررہی ہے ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کرنے پر دنیا نے پاکستان کا موقف تسلیم کیا ہے ‘ملک میں دہشت گردی پر قابو اور معاشی استحکام پردنیا بھر سے سرمایہ کارپاکستان کا رخ کررہے ہیں ‘ پاک چین راہداری منصوبہ چین کا موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے تسلسل پر اعتماد کا اظہار ہے ‘سی پیک پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے لئے بھی گیم چینجر ثابت ہوگا ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج ‘قانون نافذ کرنے والے ادراوں‘ سکیورٹی فورسز نے کامیابیاں حاصل کیں ہیں‘ ہم ان کی لازوال قربانیون پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے‘میڈیا میں بچوں سے متعلق پروگرام پیش کیے جانے چاہیں تاکہ ان کی کردار سازی اور مستقبل پر خصوصی توجہ دی جاسکے ‘ہم نے محبت، صبر و تحمل اور ثقافتی اقدار کے فروغ سے دہشتگردی اور انتہا پسند سوچ کو شکست دینی ہے، مردان یونیورسٹی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر کردار ادا کرنا ہو گا،آج پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کے ثمرات میں سے ہے ۔وہ بدھ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹیڈیز اینڈ ریسرچ انیلاسسز (اسرا)کے زیر اہتمام 21صدی میں تاثر سے نبردآزما ہونے کے عنوان پر میڈیا ورکشاپ سے خطاب کر رہی تھی ۔