گومی ، جنوبی کوریا ۔31مئی (اے پی پی):وزیر مملکت و معاون خصوصی وزیر اعظم برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نےارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ یہ ایک تمغے سے بڑھ کر کامیابی ہے ۔ ارشد ندیم کی لگن اور عزم قوم کی امیدوں کا مرکز ہے،دل اور جذبہ سے بھر پور اس کا سفر پاکستان کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے
، ارشد ندیم نے 240 ملین لوگوں کا سر ایک مرتبہ پھر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے 86.40 میٹر کی بھرپور تھرو کے ساتھ ایک بار پھر تاریخ میں اپنا نام لکھوایا ہے ۔انہوں نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ جیت کر اور نہ صرف ایشیا کے بہترین بلکہ صحیح معنوں میں دنیا کے عظیم ترین ایتھلیٹس ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔
فہد ہارون نے کہا کہ اولمپک کی شان سے لے کر ایشیائی غلبہ تک ارشد ندیم کا عروج نسلوں کو متاثر کرتا ہے۔ ان کی کامیابیاں عالمی ایتھلیٹکس میں پاکستان کی موجودگی کو سر بلند کرتی ہیں اور ہمیں وہ تمام کہانیاں یاد دلاتی ہیں جو ہمیں متحد اور ترقی سے سرشار کرتی ہیں۔اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے ارشد ندیم کو اس ناقابل فراموش لمحے پر مبارکباددی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603738