سیالکوٹ۔ 30 اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ترقی،منصوبہ بندی و خصوصی امورچوہدری ارمغان سبحانی نےسیلاب سے متاثرہ علاقہ بجوات کا دورہ کیا اور حالیہ سیلابی صورتحال کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واپڈا حکام سے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ لی۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چوہدری طارق سبحانی، صوفی اسحاق ،اکبر گل سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر ایکسین واپڈا اور ایس ڈی او واپڈا بجوات نےوزیر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے بعض علاقوں میں بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ چوہدری ارمغان سبحانی نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی دشواری برداشت نہیں کرنے دی جائے گی اور بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فوری بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔