لالہ موسیٰ ۔11 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وزیر مملکت برائے بندرگاہیں و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ معاشی ترقی، دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے جس سفر کا آغاز ہمارے قائد محمد نواز شریف نے 2013ءمیں کیا تھا اسے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں جاری رکھیں گے۔ لالہ موسیٰ ریلی پہنچنے پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے استقبال کے موقع پر ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ نواز شریف براستہ جی ٹی روڈ اپنے کارکنوں کی خواہش پر نکلے ہیں اور جگہ جگہ کارکنوں کا اپنے قائد کا استقبال اور اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم نواز شریف سے محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں دوبارہ انتخابی میدان سجے گا اور عوام نواز شریف کو دوبارہ منتخب کریں گے۔ قبل ازیں دریائے جہلم سے ریلی صبح 11 بجے روانہ ہوئی اور جگہ جگہ کارکنوں کی کثیر تعداد نے جمع ہو کر اپنے قائد کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ لالہ موسیٰ کے مقام پر ہزاروں کارکن گرمی کے باوجود گھنٹوں نواز شریف کے استقبال کیلئے جمع رہے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ریلی لاہور میں اختتام پذیر ہو گی۔