اسلام آباد ۔ 12 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ترکی کے ماہرین تعلیم نے ملاقات کی اور اسلام آباد میں بنیادی نظام تعلیم کی بہتری کےلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں متعین ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن بھی موجود تھے۔ وفد نے سکولوں کے اساتذہ کی تربیت اور جدید طریقہ تعلیم سے متعلق ترک تجربات سے متعلق آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ تعلیمی میدان میں دنیا میں اپنائی جانے والی تکنیکوں سے معیار تعلیم میں واضح بہتری آئی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ای تعلیم نے روایتی تعلیم کے انداز کو بدل دیا ہے، سکولوں میں بچوں کی بہتر تعلیم کیلئے سمارٹ ٹولز اور آلات استعمال کئے جا رہے ہیں جن کے نتائج انتہائی مثبت ہیں۔