وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن شاہ نواز رانجھا اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

142
APP82-04 ISLAMABAD: May 04 - Minister of State for CADD, Dr. Tariq Fazal Chaudhry alongwith Federal Parliamentary Secretary for Information and Broadcasting Mohsin Shah Nawaz Ranjha and PML-N MNA Daniyal Aziz addressing a press conference. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی منی ٹریل آج ثابت ہو گئی ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف بھی اسی طرح کیس چلنا چاہئے جس طرح تین بار منتخب وزیراعظم کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، دوسروں کیلئے گڑھے کھودنے والے اب خود اس میں گر رہے ہیں، پاناما لیکس میں وزیراعظم پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، پاناما لیکس کے مقدمہ کی سماعت کے دوران ہمارے خلاف تین تین عدالتیں لگائی گئیں، ہم ان کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے لا کر رہیں گے، پاکستانی پوچھتے ہیں کہ احتجاج اور دھرنوں کیلئے پیسے کہاں سے آئے، عمران خان دوسروں کی تلاشی کی بات کرتے ہیں اپنی باری پر بھاگ کیوں رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی آئی ڈی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات محسن شاہ نواز رانجھا اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی بنیاد پر وزیراعظم کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے، اب یہ کیس منطقی انجام تک پہنچ چکا ہے، پاناما کیس کی تحقیقات کے دوران ہمارے خلاف تین تین عدالتیں لگائی گئیں، عمران خان کے خلاف بھی اسی طرح کیس چلنا چاہئے جس طرح پاناما لیکس میں وزیراعظم کے خلاف مقدمہ چلا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات کے فیصلے قانون کے مطابق ہوں گے، ہمارا میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن ہم ان کا میڈیا ٹرائل نہیں کریں گے۔