اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک سنجیدہ سیاسی جماعت ہے جس کی نظریاتی قیادت ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ محمد نواز شریف کے بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسے اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف سے دلی محبت اور لگاﺅ ہے اس لیے کوئی بھی عوام کے دلوں سے محمد نواز شریف کو نہیں نکال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بہتر طرز حکمرانی فراہم کرنے اور اپنے گزشتہ 5 سالوں کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اگلے عام انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔