اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی سے اقلیتی کمیونٹی کے رہنماؤں کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وفد نے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل داس کوہستانی کے وزیر مملکت بننے پر اقلیتی برادری خوش ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں، اس فیصلے سے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ پاکستانی معاشرے کا وصف اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کی بات کی پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزادی اور بھائی چارے سے زندگی گزار رہے ہیں، میرا مشن اقلیتی برادری کے مسائل کا حل ہے اور اس کے لئے ہر پلیٹ فارم کو استعمال کروں گا،
وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں اقلیتوں کی ترقی اوران کے مسائل کا حل ٹاسک سونپ دیا ہے اور باہمی تعاون سے تمام مسائل ایک ایک کرکے حل کریں گے۔ ملاقات میں پنڈٹ راکیش چند، پاسٹر نواز یعقوب، ایڈووکیٹ ثناء گلزار اور عارف جیمز شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574790