اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):سینسس مانیٹرنگ کمیٹی (سی ایم سی) کا اجلاس بدھ کو پی بلاک پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدام احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پہلی ڈیجیٹل خانہ ومردم شماری میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جس میں سوائے کوہستان کے تین اضلاع اورچند برف پوش علاقوں کے، فیلڈ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے فیلڈ ورک کا کامیاب اختتام قوم کے لئے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔
ڈیجیٹل سسٹم نے فیلڈ آپریشن کے دوران بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی کے ساتھ کام کیا اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ آپریشن کے دوران مختلف انڈر کوریج پیٹرن کو دریافت کرنے میں مدد کی۔ مردم شماری کی مجموعی پیش رفت بہت حوصلہ افزا اور تسلی بخش رہی۔سی ایم سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل خانہ ومردم شماری کے لئے پوسٹ گنتی سروے (پی ای ایس) مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں کیا جائے گا تاکہ ضرورت سے زیادہ اور کم رپورٹنگ کا اندازہ لگایا جاسکے اور ساتھ ہی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے عبوری اعداد و شمار کی توثیق کی جاسکے۔
پی بی ایس پی ای ایس کے انعقاد کے طریقوں پر کام کرے گا اور سی ایم سی کے غور و خوض اور منظوری کے لئے ایک جامع منصوبہ اور حکمت عملی تیار کرے گا۔ سی ایم سی نے فنانس ڈویژن کو یہ مشورہ بھی دیا کہ مردم شماری کے بقیہ فنڈز مختلف اسٹیک ہولڈرز اور سروس پرووائیڈرز کے ساتھ ساتھ فیلڈ اسٹاف کو فوری طور پر جاری کئے جائیں۔سی ایم سی کی جانب سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ نادرا ایس او پیز کے مطابق ٹیبلٹس کی واپسی اور متعلقہ امور کے لئے ضروری انتظامات کو یقینی بنائے گا تاکہ 9 سے 12 جون 2023 کے دوران 495 مردم شماری سپورٹ سینٹر (سی ایس سی) میں اس عمل کو مکمل کیا جاسکے۔
پی بی ایس ہیڈ کوارٹر ز کو واپس بھیجنے تک مردم شماری کے تمام ضلعی افسران سی ایس سی میں ٹیبلٹس کے محفوظ اسٹوریج کو یقینی بنائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مردم شماری کے ضلعی افسر ہونے کے ناطے تمام ڈپٹی کمشنرز /اسسٹنٹ کمشنرز مقررہ فارمیٹ پر باقاعدہ طور پر پُر شدہ اور دستخط شدہ تکمیلی سرٹیفکیٹ جلد از جلد فراہم کریں گے۔ مردم شماری کے کام کے لئے فیلڈ اسٹاف کو ادائیگی سینسس مانیٹرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق متعلقہ ڈی سی /اے سی کی طرف سے تکمیلی سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے بعد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یکم سے 15 جولائی 2023 کے دوران آزاد کشمیر کے 129 بلاکس، گلگت بلتستان کے 80 بلاکس، مانسہرہ کے 16 بلاکس اور کوہستان کے تین اضلاع پر مشتمل شدید برف پوش علاقوں میں مردم شماری کا فیلڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیکنالوجی سید امین الحق نے پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے فیلڈ آپریشن کے کامیاب انعقاد پر پاکستان ادارۂشماریات اور وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدام احسن اقبال کی کاوشوں کو سراہا اور اس عظیم کام کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔
پی بی ایس پاکستان کے شہریوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے مردم شماری کے عمل میں بھر پور طور پر حصہ لیا۔ڈیجیٹل مردم شماری حکومت کو ہمارے حقوق اور ہماری دہلیز پر بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بندی کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی جو قوم کی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ۔