وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے اجلاس کا انعقاد

122

لاہور۔28دسمبر (اے پی پی):صوبا ئی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں دیوان گروپس اور این آر ٹی سی کیساتھ الگ الگ اجلاس ٹرانسپورٹ ہاوس میں منعقد ہوئے۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی، ای وہیکلز کمپنیوں کے نمائندگان اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ اس دوران کمپنیوں نے پنجاب میں ای ٹیکسی منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنی ای وہیکلز کی تیاری، ڈیزائن اور خصوصیات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ای ٹیکسی میں بھرپور دلچسپی دکھانے پر وہیکلز مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بیروزگار افراد کیلئے ای ٹیکسی منصوبہ پیش کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سکیم سے روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہونگے اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ چاہتے ہیں کہ ای ٹیکسی کیلئے ایسی گاڑیوں کی فراہمی یقینی بنائیں جو معیار کے تمام تقاضے پورے کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کیلئے سینکڑوں الیکٹرک بسوں، سٹوڈنٹس کیلئے ہزاروں الیکٹرک بائیکس اور ای ٹیکسی سے پنجاب جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم میں داخل ہو رہا ہے۔

اب ای ٹیکسی کی سہولت سے بہت مزید سستی اور معیاری سفری سہولت بھی عوام تک پہنچے گی۔ یہ ایک مثالی منصوبہ بنے گا جس سے بیروزگاری میں کمی آئے گی-